15 ستمبر 2024 - 06:46
سعودی ـ اسرائیل تعلقات آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک معمول پر نہیں آسکتے، ترکی فیصل

سعودی انٹیلیجنس کے سابق سربراہ ترکی فیصل نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل تعلقات آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک معمول پر نہیں آسکتے۔ سعودی عرب کیلئے اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کیلئے فلسطینی ریاست بنیادی شرط ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ | 

ترکی فیصل نے تھنک ٹینک میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور سعودی اقتصادی تعلقات استوار کرنے کیلئے امریکا مذاکرات بحالی چاہتا ہے۔

سابق سعودی اہلکار کا مزید کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطینی ریاست کا وجود میں آنا تسلیم کرتا ہے تو اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے پر بات کرسکتے ہیں!

ترکی فیصل نے کہا کہ سعودیہ کا موقف رہا ہے کہ ہم فلسطینیوں کیلئے بات نہیں کریں گے انہیں خود کرنا ہوگی، اسرائیل کی جانب سے پوری حکومت کہہ رہی ہے کہ فلسطینی ریاست کا کوئی وجود ہی نہیں ہے

انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ 7 اکتوبر سے پہلے سعودی مملکت نے فلسطینی وفد کو بھی مدعو کیا تھا، وفد سے کہا گیا تھا فلسطینی ریاست کی تشکیل کیلئے آکر امریکیوں سے براہ راست بات کرے، 7 اکتوبر کے حملوں نے ان مذاکرات کو ختم کردیا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور امارات مصر اور اردن کے ساتھ مل کر اسرائیل کو بنیادی ضرورت کی اشیاء فراہم کرنے کے لئے راہداری قائم کئے ہوئے ہیں اور غزہ کی جنگ میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طور پر غاصب صہیونی ریاست کی حمایت کر رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔

110